
تہران : اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے فرانسیسی صدر امانوئل میکرون سے گفتگو میں ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے اس کی تصدیق اورمعتبرضمانت کو سمجھوتےکی بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے امریکا کی تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کی ناکامی کے اعتراف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نےمذاکرات کے عمل میں سمجھوتے کے حصول کے لئے اپنے عزم و ارادے اور سنجیدگی کو ثابت کردیا ہے۔ سمجھوتے کے سلسلے میں فریق مقابل کی ہر کوشش پابندیوں کی منسوخی، اس کی تصدیق اور معتبر ضمانت پر مشتمل ہونا چاہئے۔ صدر ایران نے عالمی برادری سے یمن میں انسانی بحران کی جانب توجہ دینے اور اس ملک کے مظلوم عوام کا محاصرہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ ایران کو امریکا پراعتماد نہ کرنے کا حق ہے کیونکہ وہی اس بحران کے وجود میں آنے کا باعث بنا ہے۔


































