
اُردن کی زمین کبھی بھی کسی علاقائی تنازعے میں تختہ مشق نہیں بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُردن کے بادشاہ "عبدالله دوم” نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی” سے دارالحکومت "امان” میں ملاقات میں کیا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی اور لبنان میں جنگ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے سیاسی افق پر مسئلہ فلسطین کو ابھارنے اور علاقائی استحکام کے لئے اردن کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سنگین انسانی بحران کو روکنے اور غزہ میں امداد بھیجنے کی شدید ضرورت ہے۔ دوسری جانب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے علاقائی سلامتی کی صورت حال اور مغربی ایشیاء میں عدم استحکام کو روکنے کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نظر کو بیان کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ صیہونی رژیم کے ہاتھوں جنگ کے بھڑکتے شعلوں اور فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لئے اسلامی و علاقائی ممالک کے درمیان تعاون و ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ سید عباس عراقچی نے غزہ و لبنان میں بے گھر ہونے والے افراد کی افسوس ناک صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے متاثرہ افراد زندگی کی ابتدائی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ امت مسلمہ کو اپنی حیثیت کے مطابق انسانی بنیادوں پر امداد جمع کرنے کے لئے رضاکارانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ سید عباس عراقچی غزہ و لبنان کی صورت حال پر مشاورت اور صیہونی جارحیت کو بند کروانے کے لئے اس وقت علاقائی دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ لبنان، شام، سعودی عرب، قطر، عراق اور عمان کا دورہ کریں گے۔


































