
ریاض : خلیج تعاون کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زوردیا ہے۔خلیج تعاون کونسل کے 159 ویں وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ریاض میں ہوا۔ خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدوی نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں، خاص طور پر شہریوں کو مسلسل اور براہ راست نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے جی سی سی ممالک کے اجتماعی موقف کو دہرایا۔ مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ فلسطینی کاز کو ختم کرنے کا ایک منظم منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تنازع کا سیکیورٹی حل خطے میں تباہی کے سوا کچھ نہیں لایا اور غزہ میں کشیدگی بحیرہ احمر اور باب المندب تک پھیل گئی ہے۔


































