Thu Nov 26, 2026

حماس کی اپنے رہنماؤں کے تازہ اسرائیلی حملوں میں قتل کی مذمت، جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مداخلت کا مطالبہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول مزید سخت، نئے نگرانی اور دفاعی نظام نصب کرنے کا اعلان بندرگاہ کے بدلے بندرگاہ، یمنی فوج نے جدہ اور جازان کو نشانہ بنا دیا ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کی اعلیٰ قیادت کو قتل کرنے کے امکان پر غور آبنائے ہرمز میں دو امریکی ڈرون لوکاس اور ایم کیو 9 تباہ کر دیئے، ایران جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ، متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے متجاوز امریکی عوام ایران کخلاف جنگ ​​کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں، سروے رپورٹ ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، قالیباف امریکی محاصرے کو توڑنے کے لیے پُرعزم ہیں، محسن رضائی پہلا پاکستانی محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ گیا آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر جنگ کا دعویٰ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر سمیت ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، محسن نقوی ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی

روزانہ کی خبریں

خطے میں اسلامی مزاحمتی بلاک کا مستقبل

تحریر: ڈاکٹر سعداللہ زارعی

اسلامی مزاحمتی بلاک، ایران سمیت اپنے تمام اراکین کیلئے ایک انتہائی مفید اور پائیدار سرمایہ ہے جو قلیل مدت، درمیانی مدت اور طویل مدت اثرات کا حامل ہے۔ ٹھیک اسی وجہ سے امریکہ کی مرکزیت میں اسلامی مزاحمت کا مدمقابل محاذ گذشتہ کئی سالوں سے اس بلاک کو توڑنے اور اس کی طاقت ختم کرنے کیلئے سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہے۔ اس مقصد کیلئے امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایران سمیت اسلامی مزاحمتی بلاک کے دیگر رکن قوتوں پر شدید دباو ڈال رکھا ہے۔ امریکہ جب تک یہ مقصد حاصل نہیں کر لیتا اسے کوئی اور کامیابی مطمئن نہیں کر سکتی لہذا امریکی حکام ہر دستاویز کے متن میں اور اس کے ذیل میں اور ایران، عراق یا حزب اللہ لبنان کے ساتھ کسی بھی اختلافی موضوع میں "علاقائی مزاحمت” کا ایشو اٹھاتے رہتے ہیں۔

امریکہ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے مدمقابل اسلامی مزاحمتی محاذ کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کیلئے دباو ڈالتا آیا ہے۔ ایسے حالات میں اسلامی مزاحمتی محاذ کی اہمیت اور اس میں ایران کے کردار کو واضح کرنا بہت ضروری ہے۔ اس بارے میں چند اہم نکات درج ذیل ہیں:
1)۔ مختلف ممالک، تنظیمیں اور تحریکیں ایک یا دو اکٹھے اہداف کی خاطر متحدہ محاذ تشکیل دیتے ہیں۔ بعض اوقات درپیش مشترکہ خطروں یا نقصانات کا مقابلہ کرنا مقصود ہوتا ہے جبکہ بعض اوقات بہتر پوزیشن تک رسائی مدنظر ہوتی ہے۔ البتہ بعض اوقات یہ دونوں اہداف ایک ساتھ مطلوب ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر 1955ء میں ایک ایسی تنظیم تشکیل دینے کا تصور پیش کیا گیا جس کا مقصد اس وقت کی سپر پاورز یعنی امریکہ اور سوویت یونین کے فوجی تسلط کا مقابلہ کرنا تھا۔

یوں 1961ء میں ناوابستہ تحریک (Non-Aligned Movement) کی بنیاد رکھی گئی۔ اسی طرح 1945ء میں اسی منطق کے تحت "عرب لیگ” کا قیام عمل میں آیا۔ 1949ء میں نیٹو معاہدہ انجام پانے کا مقصد بہتر فوجی سکیورٹی پوزیشن کا حصول تھا۔ اسی سال اسی مقصد کی خاطر وارشو پیکٹ بھی انجام پایا۔ اسلامی مزاحمتی بلاک تشکیل دینے میں بھی یہ دونوں قسم کے اہداف مدنظر تھے۔ یعنی ایک طرف درپیش خطرات اور رکاوٹیں برطرف کرنا مقصود تھا اور دوسری طرح برتر پوزیشن کا حصول بھی مدنظر تھا۔ دوسری طرف بعض اتحاد اور محاذ مخصوص سکیورٹی یا اقتصادی یا ثقافتی یا سیاسی یا قانونی مقاصد کیلئے تشکیل دیے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر شنگھائی معاہدہ اور ماسٹرچٹ معاہدہ یا پیسیفک معاہدہ اقتصادی اہداف کے حصول کیلئے تشکیل پائے ہیں۔

اسی طرح اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، جو درحقیقت ایک محاذ ہے، بھی سکیورٹی اہداف کی خاطر قائم کی گئی ہے اور افریقی یونین کے اہداف سیاسی نوعیت کے ہیں۔ البتہ یہ تمام اتحاد اور محاذ محدود پیمانے پر دیگر ایشوز پر بھی توجہ دیتے ہیں۔
2)۔ اگرچہ اسلامی مزاحمتی محاذ کی تشکیل کیلئے ایک خاص "نقطہ آغاز” بیان نہیں کیا جا سکتا لیکن اس کے باوجود کوئی شخص اسلامی انقلاب کے ساتھ اس محاذ کی وابستگی میں شک و تردید نہیں کر سکتا۔ دوسری طرف اس بات میں بھی کوئی شک و شبہ نہیں پایا جاتا کہ انقلاب اسلامی نے اپنی فتح کے آغاز سے ہی اور حتی اس سے بھی پہلے مسلم ملتوں پر مشتمل ایک متحدہ محاذ کی تشکیل کو اپنا مقصد قرار دے رکھا تھا۔

اگر ہم امام خمینیرح اور انقلاب اسلامی کے دیگر رہنماوں جیسے امام خامنہ ای، شہید مطہری اور شہید بہشتی کی جانب سے جاری کردہ بیانیوں کا جائزہ لیں تو دیکھیں گے کہ وہ دنیا میں ایک نیا محاذ قائم کرنے کے درپے تھے۔ امام خمینیرح نے اپنی تقریروں کے دوران ایسے جملے استعمال کئے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یہ مقصد حاصل کرنا چاہتے تھے۔ مثال کے طور پر "اے مستضعفین جہان، اٹھ کھڑے ہوں” یا "اسلام دنیا کے کلیدی مورچے فتح کر لے گا” اور "ہم مغرب اور مشرق کے مقابلے میں تیسرا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں” اور "ہمیں مستضعفین پارٹی تشکیل دینی چاہئے” اور بہت سے ایسی مثالیں موجود ہیں۔ امام خمینیرح کے زمانے میں ہی اسلامی مزاحمتی محاذ کا تصور تشکیل پا چکا تھا اور اس کی بنیاد پر پیدا ہونے والی ثقافت بین الاقوامی سطح پر بھی سامنے آ چکی تھی۔

ایران میں بعض منحرف گروہوں نے مخصوص انداز بیاں اور اقدامات کے ذریعے اسلامی مزاحمت کا چہرہ بگاڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں ابتدا میں ہی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ دوسری طرف امام خمینیرح نے ہر گز اپنی تقریروں اور تحریروں میں اسلامی مزاحمتی بلاک کی تشکیل کو نظرانداز نہیں کیا۔ فروری اور مارچ 1989ء کے مہینوں میں امام خمینیرح کے جاری کردہ پیغامات میں اسلامی مزاحمتی محاذ کی تشکیل پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے۔ لہذا امام خمینیرح کی مبارک اور نورانی زندگی میں ہی اسلامی مزاحمتی بلاک کی تشکیل کی اہمیت واضح ہو چکی تھی اور اس کی نظریاتی بنیادیں فراہم کر دی گئی تھیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انہی بنیادوں پر عمارت کی تشکیل کا کام شروع ہو گیا اور آج خطے میں اسلامی مزاحمتی بلاک ایک ناقابل انکار حقیقت بن کر سامنے آ چکا ہے۔

3)۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی امام خامنہ ای جب ایران کے صدر تھے، تو انہوں نے اس دوران خطے کی مذہبی انقلابی تنظیموں جیسے حزب اللہ لبنان اور بدر عراق سے انتہائی قریبی اور خاص تعلقات استوار کر رکھے تھے۔ لہذا انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی ذمہ داری سنبھالنے کے فوراً بعد اسلامی مزاحمتی بلاک تشکیل دینے کیلئے موثر کوششیں اور اقدامات انجام دینا شروع کر دیے۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں صرف دو سال بعد یعنی 1990ء میں ہی اندرونی سطح پر اور خطے کی سطح پر ضروری تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دے دیا گیا۔ ایران کے اندر سپاہ پاسداران میں موجود بسیج یونٹ کو "مزاحمتی فورس” میں تبدیل کر دیا گیا جبکہ علاقائی سطح کیلئے "قدس فورس” تشکیل دی گئی۔ اس تنظیم سازی کی بنیاد بسیج اور قدس فورس کا چند شعبوں میں ایک ساتھ سرگرم ہونے پر استوار تھی۔

بسیج اور قدس فورس ایک ہی وقت میں سیاسی، فوجی، سکیورٹی، اقتصادی، ثقافتی، علمی، سماجی وغیرہ شعبوں میں سرگرم عمل تھیں۔ امام خامنہ ای مدظلہ العالی نے اپنی ایک تقریر کے دوران کہا: "قدس فورس ایک فوجی طاقت یا انٹیلی جنس طاقت یا سہولیات فراہم کرنے والی طاقت یا ایک سفارتی طاقت یا ایک اقتصادی طاقت یا ایک سیاسی طاقت نہیں ہے بلکہ ان تمام امور کیلئے مختلف ادارے جیسے آرمی، وزارت انٹیلی جنس، وزارت تجارت، وزارت خارجہ، وزارت اقتصاد اور وزارت داخلہ موجود ہے۔ قدس فورس ان تمام پہلووں پر مشتمل ہونی چاہئے۔” اس کی بنیادی وجہ بھی یہ ہے کہ جب ایک فعال اور سرگرم محاذ نہ کہ دفاعی محاذ کی تشکیل کی بات ہوتی ہے تو ان تمام شعبوں میں سرگرمیوں کی ضرورت پیش آتی ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس 1990ء میں اس جامع مقصد کیلئے تشکیل دی گئی تھی۔

بعد میں رہبر معظم انقلاب اسلامی نے متعدد پہلووں پر مشتمل شخصیت کے مالک شہید قاسم سلیمانیرح کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں قدس فورس کی تشکیل کے مقاصد کے کچھ پہلو واضح کئے تھے۔ لہذا یہ کہنا بجا ہو گا کہ حضرت امام خمینیرح نے نظریے کی حد تک اسلامی مزاحمتی محاذ کا تصور پیش کیا اور اس تصور نے امام خامنہ ای مدظلہ العالی کی رہبریت کے ابتدائی سالوں میں حقیقت کا روپ دھار لیا اور علاقائی اور عالمی سطح پر ظہور پذیر ہو گیا۔ البتہ اس میں کوئی شک نہیں کہ رہبر معظم انقلاب نے گذشتہ تین عشروں کے دوران اسلامی مزاحمتی بلاک کے مختلف پہلووں، نتائج اور قواعد و ضوابط کی بہت اچھی طرح وضاحت فرمائی ہے۔ اسی طرح امام خامنہ ای مدظلہ العالی نے اسلامی مزاحمتی بلاک کے پھلنے پھولنے اور فروغ پانے میں بھی بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

4)۔ جیسا کہ بیان ہوا ہے، اسلامی مزاحمتی بلاک ایران سمیت اپنے تمام اراکین کیلئے ایک عظیم سرمایہ ہے جس کے قلیل المیعاد، درمیانی مدت اور طویل المیعاد اثرات پائے جاتے ہیں۔ یہ اثرات ٹیکٹیکل نوعیت کے بھی ہیں اور اسٹریٹجک نوعیت کے بھی ہیں۔ اب تک اسلامی مزاحمتی محاذ ایران کیلئے بھی اور دیگر رکن ممالک اور تنظیموں کیلئے بھی انتہائی سودمند اور مفید ثابت ہوا ہے۔ اگر اسلامی مزاحمتی بلاک نہ ہوتا تو آج ایران، عراق، شام، لبنان اور یمن حکومتیں بھی نہ ہوتیں اور شدید اقتصادی پابندیوں نے ایران کو اقتصادی لحاظ سے تباہ کر کے نابود کر دیا ہوتا اور ایران حکومت آج عوام کی بنیادی ضروریات پورا کرنے کے قابل نہ ہوتی۔ اسلامی مزاحمتی محاذ کی برکت سے آج ایران سمیت دیگر انقلابی حکومتیں اور تنظیمیں عالمی استکباری طاقتوں کے سامنے ڈٹی ہوئی ہیں۔

اگر اسلامی مزاحمتی محاذ نہ ہوتا تو عراق اور شام کی معیشت بھی تباہ ہو چکی ہوتی۔ جیسا کہ امریکی حکام نے اسلامی مزاحمت کے تمام رکن ممالک اور تنظیموں کے خلاف شدید اقتصادی جنگ شروع کر رکھی ہے اور ان کی اقتصادی نابودی کیلئے منظم انداز میں منصوبہ بندی کے تحت ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہیں۔ اسلامی مزاحمتی بلاک آج اس قابل ہو چکا ہے کہ عالمی سطح پر سکیورٹی، اقتصادی اور سیاسی لحاظ سے فیصلہ ساز اداروں میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر اپنی موجودگی یقینی بنا کر اظہار وجود کر سکے۔ یوں اسلامی مزاحمتی بلاک ان اداروں میں مزاحمت مخالف فیصلے تشکیل پانے سے روکنے میں کامیاب رہا ہے اور اس کے اراکین کیلئے اقتصادی، سیاسی اور دیگر شعبوں میں کامیابی کے نئے افق نمودار ہو رہے ہیں۔

اسلامی مزاحمتی بلاک تشکیل پائے تقریباً دو عشرے گزر چکے ہیں اور ان تمام سالوں میں اسلامی مزاحمت نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر بہت سے مورچے فتح کئے ہیں۔ اگرچہ بعض حلقوں کی جانب سے اسلامی مزاحمتی بلاک پر شدید تنقید بھی کی جاتی ہے لیکن اس بلاک کو حاصل ہونے والی کامیابیاں اس قدر واضح اور عظیم ہیں کہ ان کا انکار ممکن نہیں۔ اب تک کسی محاذ پر اسلامی مزاحمتی بلاک ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوا اور نہ ہی اس نے اپنا ہدف اور موقف بدلا ہے۔ البتہ اسلامی مزاحمتی بلاک میں شامل اراکین کے درمیان اقتصادی، سیاسی، ثقافتی، فوجی اور سکیورٹی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ان رکن ممالک کے انفرااسٹرکچر میں بعض اصلاحات کی انجام دہی ضروری ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

مزید پڑھیے

Most Popular