
چونیاں: لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں چونیاں میں ادا کر کے انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سمیت عسکری حکام نے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی، وزیراطلاعات عطا تارڑ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے شہید کیپٹن فراز الیاس کی میت کو کندھا دیا اور تدفین کے عمل میں حصہ لیا، بعدازاں شہید کو پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی، عسکری حکام کی جانب سے قبر پر پھول رکھے گئے اور فاتحہ خوانی کی۔
تدفین کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کیپٹن فراز الیاس کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے گاؤں کا نام کیپٹن فراز الیاس شہید کے نام سے منسوب کر دیا.


































