
پشاور: اقوام متحدہ، ایران اور امریکا سمیت پوری عالمی برادری نے پاکستان میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی قابل نفرت فعل قرار دیا ہے۔ پشاور کی پولیس لائن کی مسجد میں خودکش حملے میں زخمی مزید کئی زخمی دم توڑ گئے جس سے شہدا کی تعداد 88 تک جاپہنچی ہے۔ معمولی زخمیوں کو طبی امداد دیکر اسپتالوں سے رخصت کردیا گیا جبکہ اب بھی 52 شدید زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خاص طور پر قابل نفرت ہے کہ اس طرح کا حملہ عبادت گاہ پر ہوا۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملہ، پُرامن لوگوں کو دھمکانا اور بےگناہوں کا خون بہانا قابل مذمت ہے۔یورپین یونین نے کہاکہ ہمارے معاشروں میں نفرت اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایران، امریکا، برطانیہ، چین سمیت مختلف ممالک نے مسجد میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔


































