
تہران: ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پاکستان کے علاقے پاراچنار پر تکفیری اور انتہا پسند گروہوں کے مسلح حملے کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ ناصر کنانی نے کہا کہ اس مجرمانہ فعل نے تمام مسلمانوں کے دلوں کو غمزدہ کر دیا ہے اور مذکورہ خطے کے لوگوں پر ظلم و ستم کو ظاہر کرتے ہوئے اس واقعہ نے تکفیری گروہوں کی مجرمانہ نوعیت اور ان کے خلاف ایک مربوط اور مستند جدوجہد کی ضرورت کو ظاہر کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اسلامی دنیا اور برادر اور ہمسایہ ملک پاکستان کے اتحاد کو نشانہ بنانے والی ہر قسم کی انتہا پسندی کی مذمت کرتا ہے اور تکفیری گروہوں کے خلاف موثر انداز میں لڑنے کے لئے تمام اسلامی ممالک کی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تکفیری اور دہشت گرد تحریکوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے حالیہ جرائم کے مرتکبین سے نمٹنے اور پاراچنار خطے کے عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے کوششیں اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔


































