
غزہ: صیہونی فوج کے صبح سے جاری حملوں میں مزید انتیس افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے صبح سویرے نصیرات میں انروا کے اسکول پر میزائل داغے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ حملے میں سولہ فلسطینی شہید اور 75 زخمی ہوئے۔ اسکول میں قائم کیمپ میں ہزاروں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مزاحمت کاروں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ جس کی حماس نے تردید کی ہے۔
اس سے قبل نصیرات میں مکان پر حملے میں تین صحافیوں سمیت دس افراد شہید ہوئے۔ شیخ رضوان علاقے پر حملے میں چھ افراد شہید ہوئے۔ شمالی غزہ میں تباہ مکان کےملبے سے تین ہاتھ پاؤن بندھی لاشیں ملی ہیں۔ جنگی طیاروں نے خان یونس پر بھی بم برسائے۔ ادھر شجاعیہ اور رفح میں مزاحمت کاروں اور صیہونی فوجیوں میں شدید لڑائی جارہی ہے۔ لڑائی میں صیہونی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے جبکہ لڑائی میں شدت کے بعد ہزاروں افراد پھنس گئے ہیں اور ان کے نکلنے کے راستے مسدود ہوچکے ہیں۔


































