
قاہرہ : عرب لیگ نے حزب اللّٰہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے پر اتفاق کیا ہے۔ بیروت کے دورے کے بعد مصری القاہرہ نیوز چینل پر بیان میں عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل حسام ذکی نےکہاکہ رکن ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا بند کردینا چاہیے۔ حسام ذکی نے کہاکہ عرب لیگ کے سابقہ فیصلوں میں حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا اور یہ اقدام حزب اللہ سے رابطے منقطع کرنے کا سبب بنتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد کرنا اب لاگو نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ دہشت گردوں کی کوئی فہرست رکھتی ہے اور نہ ہی اس طرح سے اداروں کو نامزد کرنے کی فعال کوشش کرتی ہے۔ حسام ذکی کا کہنا تھا کہ عرب لیگ نے 11 مارچ 2016 کو حزب اللّٰہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔


































