
واشنگٹن : امریکی کینیڈین چرچ نے اسرائیل کو نسل پرست ریاست قرار دے دیا. چرچ نےسینئر سرکاری رہنماؤں کے دستخط شدہ ایک پادری کے خط میں کہا ہے کہ اسرائیلی پالیسیاں اور طرز عمل فلسطینیوں کے خلاف امتیازی سلوک پر مبنی ہے۔ اسرائیلی ریاست کے اقدامات نسل پرستی کے جرم کی بین الاقوامی تعریف کے مطابق ہیں۔چرچ کے رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ قابض ریاست مسلسل فلسطینیوں کے حقوق کی نفی کرتی ہے۔ فلسطینیوں کی طرف سے برداشت کی جانے والی ناانصافی تمام لوگوں کے لیے انصاف کے خدا کے نظریے کے بارے میں ہماری سمجھ سے مطابقت نہیں رکھتی اور اس لیے یہ ایک گناہ ہے۔ خط میں امریکا کی طرف سے گولان کی پہاڑیوں پراسرائیلی قبضے کو تسلیم کرنے، مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع کے ذریعے زمینوں اور جائیدادوں کے حقیقی الحاق پر خاموشی، فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری اور بے دخلی، آبادکاروں کی تعداد میں اضافے کی مذمت کی گئی۔خط میں کہا گیا کہ اسرائیل کا خود کو یہودی ریاست قرار دینے سے عرب شہریوں کیساتھ امتیازی سلوک ہوتا ہے اور یہودیوں کو دوسری قومیتوں پر برتری حاصل ہوجاتی ہے۔


































