
دمشق: شام کے شہر حمص میں داعشی دہشت گردوں کے حملے میں 53 افراد جانبحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں نےحمص کے صحرا ئی قصبے الصخنہ میں مشروم سے مشابہ ٹرفل تلاش کرنے والوں کو نشانہ بنایا۔ موٹر سائیکل سوار دہشت گرد علاقے میں پہنچے اور لوگوں پر گولیاں برسادیں۔ہلاک افراد میں چھیالیس شہری اور سات فوجی ہلاک ہیں۔ لاشوں کو پالمیرا کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انتظامیہ کا کہنا ہے مرنے والوں کے سروں پر گولیاں ماری گئی ہیں۔فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہوئے۔ایک زخمی نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ان کی کاروں کو بھی آگ لگادی تھی۔ کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ لیکن ایسے حملے عام طور پر داعش کے دہشت گردوں کی جانب سے کئے جاتے ہیں۔ ادھر امریکی فوج نے شمال مشرقی شام میں داعش کے ایک سینئر لیڈر حمزہ الحمصی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کارروائی کے دوران چار امریکی فوجی زخمی ہوئے۔


































