
ماسکو: روس نے ایران کو یورینیم کی منتقلی میں دوبارہ مدد کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا ہےکہ افزودہ یورینیم کے ذخائر کا فیصلہ صرف تہران کو خود کرنا چاہیے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایران کے جوہری مسئلے کے گرد پیدا ہونے والا بحران امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور اس کا حل صرف بین الاقوامی قوانین اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بیرونی دباؤ یا جارحیت کے ذریعے یہ مسئلہ حل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کے حق کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس، ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں تعاون اور سہولت کاری کے لیے بھی تیار ہے۔


































