طاغوتی نظام کی جڑیں کھوکھلی ہوگئیں، جلد زمین بوس ہو جائے گا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نسلی امتیاز نے امریکاکی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں،صدر ٹرمپ امریکاکا وہ متنازعہ اور متعصب صدر ہے جس نے ہمیشہ دماغ کی بجائے جذبات سے فیصلے کر کے عالمی سلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کیا، طاغوتی و استکباری نظام کی جڑیں کھوکھلی ہو چکی ہیں اور بہت جلد یہ نظام زمین بوس ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد جارج فلائیڈ کی ہلاکت سے نسلی بنیادوں پر شروع ہونے والے فسادات امریکا کی تباہی کا آغاز ہیں۔ امریکی عوام حکومت کے قابو سے باہر ہو چکے ہیں۔ اپنے عوام کو کنٹرول کرنے میں بے بسی کا شکار امریکا اب دنیا سے منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔


































