
تہران : اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب تعلقات کی بحالی میں پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک اپنے اپنے سفارتخانے پھر سے کھولنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ بات ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کی کمیٹی کے رکن جلیل رحیمی جہاں آبادی نے ایک ٹوئٹ میں بتائی انہوں نے لکھا کہ دو اہم ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی، خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سیکیورٹی شعبے اور میڈیا کو انتباہ کیا کہ وہ صیہونیوں کی شیطانی حرکتوں اور انتہاء پسندوں کے احمقانہ عمل کی طرف سے ہوشیار رہیں جن کی وجہ سے تعلقات کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔ جنوری 2016 میں سعودی عرب کے شیعہ عالم دین شیخ نمر باقر النمر کو موت کی سزا دینے سے غضبناک مظاہرین نے تہران میں سعودی سفارتخانے پر دھاوا بول دیا تھا جس کے بعد سعودی عرب نے ایران سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے تھے۔


































