
مناما: بحرین کی جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان نےکہا ہے کہ مطالبات کے حصول تک پرامن مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جیل کے اندر سے جاری بیان میں شیخ سلمان نے اپنی 7 برس طویل حراست کو اقوام متحدہ کی درجہ بندی کے لحاظ سے ظالمانہ ترین حراست قرار دیا شیخ علی سلمان نے اپنے اس بیان میں ان افراد کو جنھوں نے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ملک میں اصلاحات، ڈیموکریسی، آزادی، عزت و احترام اور انسانی حقوق کی پاسداری کے خواہاں ہیں، شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بحرین کی باعزت اور محترم قوم کو اپنے بنیادی ترین حقوق بھی حاصل نہیں ہیں۔ شیخ علی سلمان نےکہا کہ ہم علاقائی اور بین الاقوامی اثرات عبور کرنے کے لئے قومی مذاکرات کا ہمیشہ احترام کرتے ہیں تاکہ ملک و قوم کے اہداف و مفادات پورے ہوں۔ بحرینی عوام جس سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کررہے ہیں وہ سب کے مفاد اور حق میں ہے اور یہ اصلاحات ملک میں سیاسی استحکام اور اقتصادی و معاشی صورت حال میں بہتری کی اساس و بنیاد ہیں۔


































