
حکومت پاکستان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشکل وقت میں پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ایرانی صدر نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ایرانی صدر کا دورہ تاریخی تھا، ان کے دورے میں مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے دورے میں مل کر آگے بڑھنے پر بات ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ 22 اپریل کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی حجم قابل قبول نہیں ہے، ہم نے پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔


































