
کراچی : کراچی، لاہور ، کوئٹہ، راولپنڈی،اسلام آباد پشاور، حیدر آباد، فیصل آباد، گوجرانوالا، سرگودھا، پارا چنار، مظفر آباد، اسکردو، استور اور گلگت سمیت ملک بھر میں شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد اورحسینہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا، دوران جلوس تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کی گئی۔ لاہور میں 9 محرم کو نثار حویلی سے برآمد جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس سے پہلے مجالس برپا ہوئیں جس میں علما اور ذاکرین نے سید الشہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔بعد مجالس چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے، عزاداران نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کیا، جلوسوں کے راستوں میں نذر و نیاز کا اہتمام تھا جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے 9 محرم الحرام کی رات روہڑی سے برآمد ہونے والا 500 سالہ تاریخی 9 ڈھالہ تعزیے کا جلوس منڈو کھبڑ اور کربلا میدان میں قیام کے بعد شہداء قبرستان اسٹیشن روڈ پر اختتام پذیر ہوگیا۔سندھ میں میرپور خاص، نوابشاہ، لاڑکانہ، ٹنڈوالہٰ یار، خیرپور سمیت سندھ بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کی یاد میں جلوس نکالے گئے۔پنجاب میں ملتان سیالکوٹ، جھنگ، راجن پور، مظفر گڑھ، بہاولنگر، گجرات سمیت پنجاب بھر میں نکالے گئے جلوس اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔پاراچنار میں شبیہہ ذوالجناح کا ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہونے والے جلوس کوٹلی امام حسین پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، ہنگو سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی جلوس برآمد ہوئے جبکہ بلوچستان میں حب، نصیرآباد، خضدار جبکہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد، میر پور، باغ اور دیگر شہروں میں جلوسوں اور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔گلگت، اسکردو، استور، ہنزہ سمیت یوم عاشور پر ہر گاؤں، قصبے اور شہر میں عزاداروں نے ماتمی جلوس نکالے۔


































