
لندن : برطانیہ سمیت پانچ ممالک نے مغربی کنارے میں آبادکاروں کیلئے بارہ سو گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور کینیڈا نے مشترکہ بیان میں ای ون منصوبے کے تحت آبادکاروں کیلئے گھروں کی تعمیر کے لیے ٹینڈرز جاری کرنے کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیاہےکہ مغربی کنارے میں صیہونی آبادکاروں کے فلسطینی شہریوں پر تشدد میں غیرمعمولی اضافہ اور فلسطینی معیشت پر سخت پابندیاں پہلے ہی صورتحال کو سنگین بنا رہی ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ نئی تعمیرات امن کے امکانات کو مزید نقصان پہنچائیں گی اور اسرائیل کی عالمی سطح پر ساکھ کو بھی مزید متاثر کریں گی۔ بیان کے مطابق ای ون منصوبہ مغربی کنارے کو تقسیم کرکے دو ریاستی حل کے امکانات کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس فیصلے کو واپس لے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آبادکاری کی توسیع روکے۔


































