تحریر: علی احمدی
یونان اس وقت شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور حکومت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ یونان ایسا ملک ہے جسے یورپی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ یہ ملک اپنے نظریاتی نظام اور جغرافیائی محل وقوع کے باعث عرب اور اسلامی دنیا کی جانب یورپ کا دروازہ سمجھا جاتا ہے لیکن عام طور پر ہر گز خلیجی ریاستوں کیلئے اسٹریٹجک مقصد قرار نہیں پایا۔ یونان میں رونما ہونے والا اقتصادی بحران بعض خلیجی ریاستوں کی جانب سے اس ملک کی جانب جھکاو پیدا کرنے اور اس سے تعلقات فروغ دینے کی خواہش کا باعث بنا ہے۔ 2010ء میں سعودی عرب کی یونان برآمدات اس کی کل برآمدات کا محض 0.65 فیصد تھا جو زیادہ تر خام تیل اور تیل کی دیگر مصنوعات پر مشتمل تھا۔ اسی طرح یونان بھی اپنی بعض مصنوعات سعودی عرب برآمد کرتا ہے۔
یونان کی سعودی عرب برآمدات کپاس کے بیج، سڑک تعمیر کرنے کیلئے ضروری مواد اور سنگ مرمر پر مشتمل ہے جبکہ دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات صرف سفیروں کے تبادلے تک محدود رہے ہیں۔ گذشتہ چند سالوں میں محض سیاسی اہداف کی خاطر یونان کے ساتھ مصر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا تعاون دیکھا گیا ہے۔ اس تعاون کا بنیاد مقصد یونان میں ترکی کے اثرورسوخ کا مقابلہ کرنا تھا۔ یہ تمام اہداف سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے تعین کئے جاتے تھے۔ چند سال پہلے ایک اہم دستاویز منظرعام پر آئی جس پر سعودی فرمانروا ملک سلمان کے دستخط موجود تھے اور اس پر "بہت زیادہ خفیہ اور فی الفور” لکھا ہوا تھا۔ اس میں سعودی عرب کی جانب سے تمام شعبوں میں یونان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا تھا۔
یونان کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات اس وقت زیادہ گہرے ہوئے جب جو بائیڈن نے امریکی صدر کے طور پر وائٹ ہاوس میں قدم رکھا۔ جو بائیڈن نے اپنی صدارتی الیکشن مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ برسراقتدار آ کر سعودی عرب کو دی جانے والی فوجی امداد کم کر دیں گے اور اس ملک میں انسانی حقوق سے متعلق مسائل پر خاص توجہ دیں گے۔ اس اعلان کے بعد سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان خوفزدہ ہو گئے اور انہوں نے ایک ماہ بعد یعنی 20 فروری 2021ء کے دن یونان سے پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم کے بارے میں مذاکرات کا آغاز کر دیا۔ گذشتہ ہفتے یونان کے وزیراعظم کریاکس میتسوتاکس نے ریاض میں سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں یونانی وزیراعظم نے سعودی ولیعہد سے 2030 منصوبے کی روشنی میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی۔
یوں یونان اور سعودی عرب نے ایک مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ تشکیل دینے کا جائزہ لینے کے بارے میں بات چیت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ سعودی عرب یونان سے پرائیویٹ سیکٹر میں مختلف شعبوں میں مدد حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ ان شعبوں میں پینے کا پانی، پانی کی ترسیل، سینی ٹیشن کا نظام، سولر انرجی، فوجی مصنوعات اور ادویات شامل ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یونان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات تجارتی اور اقتصادی شعبوں کے علاوہ اسلحہ سازی اور سکیورٹی شعبوں میں بھی فروغ پا رہے ہیں۔ اب تک یونان اور سعودی عرب کے درمیان کئی مشترکہ جنگی مشقیں بھی انجام پا چکی ہیں۔ مارچ کے مہینے میں سودا فوجی اڈے پر "عقاب کی آنکھ 1” جنگی مشق جبکہ جون کے مہینے میں ملک فیصل ایئربیس پر بھی جنگی مشق انجام پائی۔
ترکی نے ان مشترکہ جنگی مشقوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح دونوں ممالک کے درمیان 20 اپریل کے دن فوجی سازوسامان کے بارے میں بھی ایک معاہدہ قرار پایا ہے۔ یونان سے پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب کی کوشش ظاہر کرتی ہے کہ محمد بن سلمان جو بائیڈن کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اس سیاسی شکست کے بعد انصاراللہ یمن کے فضائی حملوں کے مقابلے میں خود کو بے دفاع محسوس کرتے ہیں۔ یونان بھی پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی خرید و فروش پر مبنی امریکی تجارت کیلئے محض ایک فوجی ٹھیکیدار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب اس مقصد کیلئے بھاری اخراجات کرنے میں مصروف ہے۔
سعودی عرب اور یونان کے درمیان جاری تعاون میں سب سے زیادہ فائدہ یونان کو پہنچ رہا ہے۔ سعودی عرب نہ صرف یونان کی زمین بوسی ہوتی اقتصاد کا سہارا بن رہا ہے بلکہ خطے میں اسی کی سیاسی پوزیشن بھی مضبوط کرنے میں مصروف ہے۔ یونان سے تعلقات فروغ دینے کی سعودی کوشش سعودی عرب کی متزلزل خارجہ پالیسی کو ظاہر کرتی ہے۔ سعودی عرب ترکی سے مقابلہ کرنے کیلئے یونان سے تعلقات بڑھانے میں مصروف ہے جبکہ یہ پالیسی سعودی عرب کو عرب اور اسلامی ممالک سے دور کر سکتی ہے۔ دوسری طرف یونان سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات سے بھی باہمی تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔ اس کے اثرات متحدہ عرب امارات کی خارجہ پالیسی پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
































