
بغداد : مراکش نے عراق کے ساتھ تقریباً دو دھائیوں تک سفارتی تعطل کے بعد دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کر دیے ہیں۔ مراکش کے وزیر خارجہ بغداد پہنچے تاکہ عراق میں سفارت خانے کو 18سال بعد ایک تاریخی دورے میں کھولنے کا اعلان کریں۔ یہ پیش رفت عراق اور مراکش کے درمیان اقتصادی میدان میں تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔ بغداد میں مراکش کے سفارت خانے کو 2005ء میں بند کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد مراکش عمان سے بالواسطہ طور پر عراق کے ساتھ سفارتی رابطہ کاری پر کام کرتا رہا ہے۔ سابق عراقی صدر صدام حسین کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے امریکا کی سنہ 2003ء میں بغداد پر چڑھائی کے بعد بگڑتی ہوئی سیکیورٹی کی صورت حال کے پیش نظر مراکش نے بغداد سے سفارتی تعلقات ختم کر دیے تھے۔ صدام حسین کا تختہ الٹے جانے کے بعد پہلی بار بغداد اور رباط کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوئے ہیں۔


































