
تل ابیب : مراکش کے فوجی افسران غزہ بین الاقوامی استحکام فورس کے لیے اسرائیل پہنچ گئے۔ انہیں فورس کے ہیڈکوارٹر میں متعلقہ ذمے داریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق وفد امریکی نگرانی میں قائم کیریات گات ہیڈکوارٹر پہنچا، جو غزہ جنگ کے بعد کے منصوبے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر غزہ جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد اور بین الاقوامی کوششوں کی نگرانی کے لیے امریکی سرپرستی میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ مرکز امریکی سینٹرل کمانڈ کے تعاون سے کام کر رہا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ اس منصوبے میں مراکشی عملے کی پہلی عوامی طور پر سامنے آنے والی شمولیت ہے۔ مراکشی حکام کی جانب سے اس خبر پر کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق جاری نہیں کی گئی۔


































