
غزہ: غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اکتوبر دو ہزار تئیس سے اسرائیلی فوج کے حملوں میں اکیس ہزار پانچ سو سے زائد بچے شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں غزہ کی ایک ہزار دو سو چوالیس مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی قابض فوج انسانیت کے خلاف انتہائی گھناؤنے جرائم کا ارتکاب جاری رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون اور بین الاقوامی کنونشنز کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج منظم اور جان بوجھ کر شہریوں اور ان کے آباد گھروں کو نشانہ بنا رہی ہیں، اور تمام بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کی وارننگ کو نظر انداز کر رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 21 ہزار 500 سے زائد بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ایک ہزار 275 مساجد میں سے ایک ہزار 244 کو اسرائیلی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ جس میں سے ایک ہزار 77 مساجد مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ میڈیا آفس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ شہریوں اور مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔


































