
غزہ : صیہونی فوج کے دیرالبلاح میں حملے سے بارہ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے دیر البلاح میں میزائل داغ کر ایک مکان کو ملبے کا ڈھیر بنادیا۔ حملے میں ایک ہی خاندان کے بارہ افراد شہید ہوگئے۔ جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے جس میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ صیہونی فوج نے غزہ سٹی۔ النصیرات کیمپ سمیت مختلف مقامات پرحملے کئے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 63 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔لاکھوں شہری سحر وافطار کے اوقات میں بھی کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہیں اور وہ بھوکے پیاسے روزے رکھنے پر مجبور ہیں۔ صیہونی فوج کے امداد کے منتظر ہجوم پر حملے کے بعد پہلی بار تیرا ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلہ شمالی غزہ پہنچا ہے۔ مصری حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی پر قطر میں مذاکرات آج سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ جو کل بھی جاری رہ سکتے ہیں۔


































