
واشنگٹن : لبنان، اسرائیل اور امریکہ نے سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد اسرائیل اور لبنان کے درمیان امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ واشنگٹن میں لبنان، اسرائیل اور امریکا نے ایک سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ کے دونوں دیرینہ حریف ممالک کے درمیان امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ فی الحال معاہدے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
امریکا، لبنان اور اسرائیل کے درمیان یہ فریم ورک معاہدہ واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے پانچ ادوار کے بعد طے پایا، جن کا مقصد اسرائیل اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے درمیان ہفتوں سے جاری جھڑپوں اور طویل عرصے سے جاری کشیدگی کا خاتمہ تھا۔
دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ معاہدہ دیرپا امن اور سکیورٹی کے لیے ایک فریم ورک کی بنیاد رکھتا ہے۔
واشنگٹن میں لبنان کی سفیر ندا حمادہ معوض نے کہا کہ یہ معاہدہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بحالی، مستقل اور حتمی جنگ بندی کے قیام اور شہریوں کی اپنے علاقوں میں واپسی کی جانب پہلا قدم ہے۔
امریکا میں اسرائیل کے سفیر یخیئیل لیٹر نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ایران اور حزب اللہ کا کردار ختم ہو گیا ہے اور لبنان اور اسرائیل کے درمیان امن کی راہ کھل گئی ہے۔


































