طویل عرصے سے علیل تھے،نماز جنازہ انچولی میں ادا کی گئی، شرکت کیلئے پورا شہر امڈ آیا، بڑے جلوس کی صورت میں نیو رضویہ لے جایا گیا،مدرسہ میں تدفین
ذاکری کا نیا اسلوب متعارف کرایا،تفسیر قران سمیت کئی کتابیں لکھیں،حکومت نے ستارہ امتیاز سے نوازا،مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماوں کا اظہار تعزیت
کراچی (نیوز ڈیسک) معروف بزرگ عالم ِدین اور ذاکر اہلبیت علامہ طالب جوہری کے انتقال سے ایسا خلا پیدا ہوگیا جو صدیوں میں بھی پر نہیں ہوسکے گا، علامہ طالب جوہری گذشتہ کئی روز سے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے اور اتوار کی رات خالق حقیقی سے جاملے، علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ امروہہ گراونڈ انچولی میں ادا کی گئی جس میں شرکت کیلئے پورا شہر امڈ آیا، نماز جنازہ میں سیاسی و مذہبی رہنماوں، علمائے کرام، سماجی شخصیات سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی ،نماز جنازہ علامہ کے شاگرد مولانا مصطفیٰ وکیل کی زیر اقتدا ادا کی گئی اور پھر اسے ایک بڑے جلوس کی صورت میں نیو رضویہ سوسائٹی لے جایا گیا جہاں ان کے قائم کردہ مدرسے میں سپرد لحد کردیا گیا، علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939 کو پیدا ہوئے، ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے، انہوں نے دس سال تک قم کے ممتاز علما سے کسب فیض حاصل کیا ، پاکستان آئے تو ذاکری کا نیا انداز متعارف کرایا ، قرانی آیات کو جوڑ کر استدلال دیتے تھے،انہیں اہلسنت میں بھی نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، علامہ طالب جوہری نے دہائیوں تک کراچی کی مرکزی مجالس عزا نشتر پارک سے خطاب کیا، پی ٹی وی کی مجلس شام غریباں ان کی پہچان بنی، علامہ طالب جوہری کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے، آپ نے تفسیر قرا ن بنام احسن الحدیث لکھی، اس کے علاوہ دیگر کتابوں میں حدیث کربلا، ذکر معصوم، نظام حیاتِ انسانی، خلفائے اثنا عشر، علامات ظہور مہدی شامل ہیں، علامہ طالب جوہری ایک ادیب اور شاعر بھی تھے، آپ نے مختلف موضوعات پر مرثیے، نظمیں اور رباعیات کہی ہیں۔ علامہ طالب جوہری کو ان کی علمی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے،صدرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہاراور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عوام ایک عظیم عالم دین سے محروم ہوگئے، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ علامہ طالب جوہری ایک عہد تھا جو مکمل ہوا، وہ حافظ قران، مفسرِ قران، مصنف اور شاعر تھے ، پیپلزپارٹی کے رہنما بلاول بھٹو، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی ، سینیٹر رحمان ملک،فاقی وزیر علی زیدی سمیت مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیااور اسے ملت اسلامیہ کیلئے بڑانقصان قرار دیا۔
- Home
- خبریں
- قومی خبریں
- معروف عالم ِدین علامہ طالب جوہری انتقال کرگئے،صدر،وزیراعظم سمیت سیاسی…
معروف عالم ِدین علامہ طالب جوہری انتقال کرگئے،صدر،وزیراعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماﺅں کا اظہارِتعزیت
-
Ilyas - جون 26, 2020
- قومی خبریں
- 8
- 0 minute read


































