
لاہور (نیٹ نیوز) کُل مسالک علماء بورڈ کے زیراہتمام رواں ماہ رحلت کر جانے والی معروف شخصیات کے لیے لاہور میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں رہنماؤں نے معروف ادیب صحافی و سیاسی رہنما طارق عزیز، ممتاز خطیب علامہ طالب جوہری اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق ڈین ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کو خراج تحسین پیش کیا۔ دعائیہ تقریب میں چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم، حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی، علامہ اصغر عارف چشتی، علامہ مفتی عاشق حسین، مولانا غلام عباس شیرازی، علامہ شعیب اختر رضوی اور ساجد علی نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ قومیں اپنے ہیروز کی خدمات کو فراموش نہیں کرتیں، علامہ طالب جوہری اور طارق عزیز نے اسلام اور پاکستان کے لیے خدمات کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کی وفات سے شعبہ صحافت میں پیدا ہونیوالا خلا صدیوں پُر نہیں ہوگا، ڈاکٹر مغیث الدین شیخ شعبہ صحافت کے درخشندہ ستارہ تھے۔


































