
دوحہ: حماس نے خلیل الحیہ کو اپنے سیاسی بیورو کا نیا سربراہ منتخب کر لیا۔ وہ یحییٰ سنوار کے جانشین ہوں گے، جو اکتوبر سنہ 2024 میں غزہ میں اسرائیلی فوج کے ایک حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ حماس کے سابقہ رہنماؤں اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار اور محمد ضیف سمیت تنظیم کے دیگر اہم رہنماؤں کی اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد خلیل الحیہ کا کردار اور اثر و رسوخ نمایاں طور پر بڑھا ہے۔
خلیل الحیہ سنہ 1960 میں غزہ پٹی میں پیدا ہوئے اور 1987 میں حماس کے قیام کے وقت سے ہی اس تنظیم کے رکن رہے ہیں۔ غزہ سے باہر موجود حماس کی قیادت میں خلیل الحیہ ایک انتہائی سینیئر عہدیدار ہیں۔ قطر میں خلیل الحیہ نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات میں حماس کے وفد کی قیادت بھی کی ہے۔ خلیل الحیہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ غزہ کی صورتحال کے بارے میں گہری معلومات، رابطے اور تفہیم رکھتے ہیں۔ یحییٰ سنوار کے بعد خلیل الحیہ نے سیاسی و خارجی امور کی ذمہ داری سنبھالیں۔ وہ اب تک غزہ کے معاملات کی براہِ راست نگرانی کر رہے تھے۔


































