
اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور زخموں پر مرہم رکھا جائے، کشمیری ہمارے بھائی ہیں، لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے تبادلہ خیال میں کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے پُرامن حل کرنے پر اتفاق کیا۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کوشش یہی ہے کہ آزاد کشمیر کے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، تمام جماعتوں کا اتفاق ہے کہ امن کو موقع دیا جائے۔ پاکستان کے فریم ورک میں ہی رہ کر ہی بات چیت ہوگی۔


































