Thu Nov 26, 2026

حماس کی اپنے رہنماؤں کے تازہ اسرائیلی حملوں میں قتل کی مذمت، جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مداخلت کا مطالبہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول مزید سخت، نئے نگرانی اور دفاعی نظام نصب کرنے کا اعلان بندرگاہ کے بدلے بندرگاہ، یمنی فوج نے جدہ اور جازان کو نشانہ بنا دیا ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کی اعلیٰ قیادت کو قتل کرنے کے امکان پر غور آبنائے ہرمز میں دو امریکی ڈرون لوکاس اور ایم کیو 9 تباہ کر دیئے، ایران جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ، متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے متجاوز امریکی عوام ایران کخلاف جنگ ​​کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں، سروے رپورٹ ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، قالیباف امریکی محاصرے کو توڑنے کے لیے پُرعزم ہیں، محسن رضائی پہلا پاکستانی محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ گیا آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر جنگ کا دعویٰ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر سمیت ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، محسن نقوی ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی

روزانہ کی خبریں

کشمیر اور رائے عامہ کی طاقت

FILE – A violent protest on the outskirts of Srinagar, India on Aug 16, 2019, after the Indian government stripped the Kashmir region of its autonomy. Protesters are speaking out against what they say is a government bent on attacking diversity, the foundation on which India was built. (Atul Loke/The New York Times)

تحریر: نذر حافی

جنگ دو پڑوسیوں کے درمیان ہوئی۔ یہ جنگ دو ماہ اور تئیس دن تک جاری رہی۔ لڑنے والے دونوں کوئی پہلوان نہیں تھے بلکہ دو ملک تھے۔ دونوں کو اپنی طاقت پر بلا کا گھمنڈ تھا۔ یہ جنگ 1999ء میں دو ایٹمی ملکوں کے درمیان لڑی گئی۔ ایٹمی طاقت حاصل کرنے کے بعد یہ دونوں ایٹمی ملکوں کی پہلی کھلم کھلا لڑائی تھی۔ میدان جنگ دنیا کا سب سے اونچا محاذ تھا۔ یہ محاذ انتہائی سرد اور برف سے ڈھکا ہوا تھا۔ اس کے اصلی فریق پاکستان اور بھارت تھے۔ تاہم اسرائیلی سفیر مارک سوفر کے مطابق اس جنگ کا تیسرا فریق اسرائیل بھی تھا۔ جنگی دستاویزات کے مطابق ابتداء میں بھارت کو اس جنگی کارروائی کی کانوں کان خبر نہ ہوئی۔ پاکستان نے بھی اسے کشمیری عسکریت پسندوں یعنی ناردرن لائٹ انفنٹری کی کارروائی قرار دیا۔ بات اگر ایک دو چوکیوں کی ہوتی تو اسے ناردرن لائٹ انفنٹری کی کارروائی مانا جا سکتا تھا، لیکن یہاں پانچ ہزار میٹر سے اونچا پہاڑی علاقوں کا 170 کلومیٹر طویل راستہ اور تقریباً 200 مربع کلومیٹر کا رقبہ بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکا تھا۔ یہ سکیورٹی، ذہانت اور چابکدستی کی دنیا میں آئی ایس آئی کی طرف سے را اور موساد کیلئے ایک بڑا ایڈونچر تھا۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ بھارتی مقبوضہ علاقے لداخ میں گارگل کی چوٹیوں کو گذشتہ چار ماہ سے تقریباً پانچ ہزار پاکستانی فوجی اور رضاکار بلاشرکتِ غیرے اپنی تحویل میں لے چکے ہیں۔ درپیش صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہندوستان نے تیس ہزار فوجیوں کو اپنے مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں بھیجا۔ یوں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں اور پاکستانیوں کی ایک مضبوط اور مسلح جدوجہد کا آغاز ہوگیا۔ راقم الحروف کے مطابق کارگل جنگ کی اصلی وجہ مسئلہ کشمیر کی بجائے سیاچن کا علاقہ تھا۔ اس علاقے پر 1984ء میں ہندوستان نے زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔ ظاہر ہے کہ اس علاقے کی واپسی پاکستانی فوج کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے۔ یکم اپریل 1984ء کو ایک فوجی آپریشن کرکے بھارت نے سیاچن گلیشیئر کے 70 کلومیٹر کے پورے علاقے کو اس کے مضافات سمیت اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ ایک بین الاقوامی ریسرچ رپورٹ کے مطابق بھارت نے 1984ء میں تین ہزار مربع کلومیٹر سے زائد رقبہ پاکستان سے ہتھیا لیا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ یہیں پر دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو بھی واقع ہے اور اسی سیاچن گلیشیئر کا پانی پاکستان کا اہم ترین آبی منبع ہے۔ 1984ء تک اس علاقے کو پاکستان کا باقاعدہ حصہ سمجھا جاتا تھا اور یہاں کسی قسم کی فوج تعینات نہیں تھی۔ اس لاپرواہی سے بھارت نے فائدہ اٹھایا اور یہاں قبضہ کرلیا۔ چنانچہ اسی کا جواب دینے کیلئے پاکستان کی جانب سے کارگل وار کا قدم اٹھایا گیا۔ جنگ شروع ہوئی تو پاکستانی فوج نے پے درپے بھارت کے تین لڑاکا طیارے گرا کر ہندوستان کے چھکے چھڑا دیئے۔ پاکستانی فوج کی مہارت اور شجاعت کو دیکھتے ہوئے تجزیہ نگار یہ پیشین گوئیاں کرنے لگے کہ جیسے افغانستان، روس کا قبرستان بنا تھا، ویسے ہی کشمیر ہندوستان کا قبرستان بننے جا رہا ہے۔ ساخت کے اعتبار سے اسے "آپریشن کوہ پیما” کا نام دیا گیا اور 1965ء کے آپریشن جبرالٹر کا ری پلے بھی کہا گیا۔

واضح بات ہے کہ کارگل وار میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہونے کے باوجود پاکستان کچھ حاصل نہیں کرسکا۔ سیاچن محاذ سے بھی ہندوستانی فوج ایک انچ تک پیچھے نہیں ہٹی اور مسئلہ کشمیر پر بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ یعنی اتنے زیادہ انسانی تلفات، ہتھیاروں کے زیاں اور عوام کی ہجرت کا نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔ وجہ بہت آسان اور سادہ ہے۔ وجہ یہ ہے کہ اس جنگ سے پہلے عوام، سیاستدانوں اور فوج کے درمیان اتفاقِ رائے حاصل نہیں کیا گیا تھا۔ ہماری فوجی اور سول اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ہم آہنگی نہیں تھی۔ جب باہمی اعتماد نہیں تھا تو 2 ماہ اور 23 دن کی جنگ کے بعد ہم بین الاقوامی رائے عامہ کی مخالفت کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔ عالمی رائے عامہ کے طوفان کے سامنے ہمیں کچھ حاصل کئے بغیر پسپائی اختیار کرنی پڑی۔ سفارتی ناکامیوں کی تاریخ نے ہمیں ایک مرتبہ پھر یہ درس دیا کہ آج کے دور میں آپ اتفاقِ رائے اور رائے عامہ کو ہموار کئے بغیر لڑ جھگڑ کر اپنے جائز اور مسلمہ حقوق بھی حاصل نہیں کرسکتے۔

اگر آپ ریاست کی ساری اکائیوں کو ساتھ لے کر نہیں چلتے تو آپ مطلوبہ اہداف تک نہیں پہنچ سکتے۔ قومی مفادات کے حصول کیلئے ساری قوم کا اکٹھ ضروری ہے۔ اب یہ ہماری اپنی مرضی ہے کہ ہم اس حقیقت کو مانیں یا نہ مانیں۔ اب یہ ہمارے اپنے اختیار میں ہے کہ ہم موجودہ حالات میں اپنی تاریخ سے سیکھیں یا اپنی تاریخ سے اُلجھ پڑیں۔ البتہ ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ کامیابی سیکھنے والوں کو نصیب ہوتی ہے، الجھنے والوں کو نہیں۔ مسئلہ کشمیر کیلئے ہم جتنے مرضی ہے جدید ہتھیار خرید لیں اور خود بھی بنا لیں اور جتنی مرضی ہے عسکری ٹریننگ کرلیں۔ اگر بدلتے ہوئے حالات اور تقاضوں کے مطابق ہماری ریاستی اکائیوں، عوام، ذرائع ابلاغ، سفارتکاروں، سیاستدانوں نیز سول اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اتفاقِ رائے نہیں تو پھر کچھ بھی نہیں۔

مزید پڑھیے

Most Popular