
کراچی (نیٹ نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے تمام حملہ آور دہشتگروں کو ہلاک کر دیا، 4 دہشتگرد ایک کار میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے احاطے میں داخل ہوئے، گاڑی سے نکلتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ اس موقع پر عمارت کی سیکیورٹی پر تعینات گارڈز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم پھینکے۔ فائرنگ کے تبادلے میں تمام دہشتگرد ہلاک، جبکہ متعدد سیکیورٹی گارڈز شہید اور زخمی ہوئے۔ ڈی آئی جی ساوتھ کا کہناہے کہ دہشتگرد جس گاڑی میں آئے تھے، اسے بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گروں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر جدید اسلحہ اور دستی بموں سے حملہ کیا تھا۔ ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے پولیس اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوئے ہیں، جبکہ سول اسپتال میں 7 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ مقدس حیدر نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے، جسے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق چاروں دہشتگرد ٹی شرٹ، جینز اور ٹراؤزر پہنے ہوئے تھے، حملہ آوروں کی عمریں 22 سال سے 28 برس کے درمیان ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور حملے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔


































