
بیروت : صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں وادی بقاع، سیدون اور بعلبک پر حملے کئے جس میں بمباری سے مزید نواسی افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے سیدون شہر میں مختلف مقامات پر حملے کئے جس میں چوبیس شہری جان سے گئے۔ لبنانی وزارت صحت نے شہادتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ صیہونی فوج نے رات بھر جنوبی لبنان پر حملے جاری رکھے جنگی طیاروں نے سرحد کے نزدیک کئی مقامات پر بم برسائے۔ اسرائیل فوج نے دعویٰ کیا ہےکہ حزب اللہ کے کئی ہتھیار رکھنے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے اور اس کے کئی راکٹ لانچر تباہ کردئے۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں دس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور انہیں لبنان کے محفوظ مقامات اور شام میں نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔
اسرائیلی حملوں کے جواب میں حزب اللہ نے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر راکٹوں کی بارش کردی۔ ایک بیلسٹک میزائل نے مقبوضہ القدس کے قریب اسرائیلی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔ جبکہ عراق اور یمن سے بھی اسرائیل میں ایلات، حیفہ اور تل ابیب پر میزائلوں اور ڈرون سے حملے کئے گئے۔ یمنی فوج نے بیلسٹک میزائل سے بن گورین ائرپورٹ کو نشانہ بنایا جس سے افرتفری مچ گئی۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حسن نصراللہ پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ہمارے لمبے ہاتھوں کی پہنچ سے دور نہیں۔ ٹی وی پر قوم سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ میں نے حسن نصراللہ کو قتل کرنے کا حکم دیا کیونکہ حزب اللہ کے رہنما کا خاتمہ اسرائیل کے شمالی باشندوں کی محفوظ واپسی کے لیے ضروری تھا۔ ہم نے لاتعداد اسرائیلیوں، درجنوں امریکی اور فرانسیسی شہریوں کے قاتل کے ساتھ حساب چُکتا کردیا۔


































