
بیروت : اسرائیلی فوج نے سیدون اور بعلبک میں شہری آبادیوں پر چالیس سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے گنجان آباد علاقے بعلبک کے وسط میں بمباری کی ہے جس سے عورتوں اور بچوں سمیت سترہ لبنانی شہری شہید ہوگئے ہیں۔ سیدون میں اسرائیلی بمباری سے اٹھارہ سے زائد اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسرائیل نے لبنان میں ریسکیو ٹیموں اور طبی عملے پر بھی حملے تیز کردئے ہیں۔ صیہونی فوج نے صلی ٹاؤن اور بعلبک پر حملوں میں طبی عملے کے چھ ارکان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ اب تک ایک سو اٹہتر طبی کارکن شہید ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی بچوں کی ایجنسی یونیسیف نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں روز ایک بچہ شہید اور دس زخمی ہورہے ہیں۔ لبنان میں جاری جنگ بچوں کی زندگیوں کو تباہ کر رہی ہے۔
لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ اسرائیل کا شہروں کو خالی کرنے اور لبنانی شہریوں کو اُن کے علاقوں اور گھروں سے بے گھر کرنے کی دھمکیاں ایک اضافی جنگی جرم ہے۔ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے سیاسی دباؤ کو تیز کرے۔


































