
غزہ : صیہونی حکومت نے چھ اسرائیلی قیدیوں کے بدلے چھ سو بیس فلسطینیوں کی رہائی روک دی۔ فلسطینیوں کی رہائی روکنے کا فیصلہ اسرائیل کی سیکورٹی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیاہےکہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی اُس وقت تک مؤخر کر دی ہے جب تک اسرائیلی یرغمالیوں کی حوالگی کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی۔ بیان میں کہاگیاہے کہ ذلت آمیز تقریبات کے بغیر غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کی حوالگی کو یقینی بنانا ہوگا۔ یہ تقریبات ہمارے یرغمالیوں کے وقار کو مجروح کرتی ہیں اور پروپیگنڈے کے مقاصد کے لیے یرغمالیوں کا مذموم استعمال کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ حماس نے گذشتہ روز معاہدے کے تحت چھ یرغمالیوں کو اسرائیل کے حوالے کردیا تھا۔ اس موقع پر رہائی سے خوش ایک قیدی نے مزاحمت کاروں کا ماتھا چوم لیا۔ جس پر صیہونی حکام نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ادھر حماس نے غلطی کو درست کرتے ہوئے اسرائیلی خاتون شیری بیباس کی لاش بھی اسرائیل کے حوالے کردی۔


































