
تل ابیب: وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے دو ٹوک الفاظ میں کہاہےکہ اسرائیل فلسطینی ریاست کے قیام یا دو ریاستی حل پر عمل درآمد کی اجازت نہیں دے گا۔ امریکی صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو میں گیڈون ساعر نے کہا کہ فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کے لیے خودکشی ہوگا۔ دو ریاستی حل سے متعلق انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے قلب میں فلسطینی ریاست درحقیقت ایک حل ہوگا ان لوگوں کے لیے جو ہمیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 1967 کی سرحدوں کے اندر فلسطینی ریاست کی تشکیل، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہوگا۔ اسرائیل کے بڑے آبادی کے مراکز کو خطرے میں ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر فرانس اور کینیڈا جیسے بڑے ممالک اپنی سرزمین میں فلسطینی ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں تو وہ کرسکتے ہیں. ان کے پاس کافی علاقہ ہے۔ لیکن یہاں اسرائیل کی سرزمین میں ایسا نہیں ہوگا۔


































