
بیروت : حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نےکہاہے کہ اسرائیلی فوج مزاحمت کو کچلنے میں ناکامی پر غزہ میں قتل عام کررہی ہے۔ قطر کے الجزیرہ ٹیلی ویژن نیٹ ورک سے گفتگو میں اسامہ حمدان نے کہا کہ صیہونی فوج مزاحمت کا مقابلہ نہیں کرتی ہے وہ شہریوں کو مارنے کی کوشش کرتی ہے۔ صیہونی فوج مزاحمت کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے اور اسے کچلنے میں ناکام رہی ہے۔ اسامہ حمدان نے کہا کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ اکتوبر میں غزہ پر نسل کشی کی جنگ مسلط کی تھی جس کا مقصد مزاحمتی گروپوں کو تباہ کرنا تھا لیکن بیالیس ہزار سے زائد معصوم شہریوں کو قتل کرنے کے باوجود یہ ہدف حاصل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت غزہ کا سیکیورٹی کنٹرول اپنے پاس رکھنے اور جنگ کے بعد علاقے کی حکمرانی کو بے نام فلسطینی اداروں کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد کا دن ایک اسرائیلی اصطلاح ہے جس کا مقصد گمراہ کرنا اور اپنے ماتحت ایک انتظامیہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی بربریت کی مثال کہیں نہیں ملے گی مسئلہ کا حل فلسطینیوں کے حقوق اور اپنی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔


































