
تل ابیب : اسرائیل نے مغربی کنارے میں آباد کاری کیلئے سو مقامات کی نشاندہی کرلی۔ فلسطینی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اس تجویز سے اسرائیل کے الحاق میں تیزی آئے گی۔
اسرائیل اخبار ہیوم کے مطابق سیٹلر فارمز ایسوسی ایشن اور ہوات فارمز فورم نے آبادکاری کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے کے نقشے کو بنیادی طور پر تبدیل کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے میں نام نہاد یومِ نفاذپر تقریباً سو اہم مقامات پر فورسز تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ جن میں بڑے فلسطینی شہر بھی شامل ہیں۔ یہ تمام علاقے انیس سو پچانوے کے اوسلو معاہدے کے تحت فلسطینی اتھارٹی کے انتظامی اور سکیورٹی کنٹرول میں آنے والے اے ایریا کا حصہ ہیں۔ اخبار نے کہا کہ یہ منصوبہ اسرائیلی حکومت کے وزراء اور وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے قریبی شخصیات کو پیش کیا گیا ہے۔ فلسطینی عہدیدار معید شعبان نے کہا کہ یہ صرف آبادکار گروپوں کا اقدام نہیں بلکہ دائیں بازو کی اسرائیلی حکومتوں کی وسیع تر پالیسیوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے کا الحاق ہے۔


































