
لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے جمعہ کو ملک گیر سطح پر یوم نامنظور اسرائیل منانے کا اعلان کیا ہے ۔ جمعہ کو پاکستان سے اسرائیل جانے والے وفود کی سازش سے پردہ اٹھایا جائے گا۔ نماز جمعہ کے خطبوں میں اسرائیل جانیوالے خیانت کاروں کے چہروں کو عوام کے سامنے آشکار کیا جائے گا۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر زاہد مہدی نے کہا ہے پاکستانی وفد کا اسرائیل کا دورہ کرنا قابل مذمت ہے، یہ دورہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔ پے درپے پاکستانی وفود کی اسرائیل یاترا حکومت کی نااہلی اور حکومت کے اسرائیل کے خفیہ روابط کی نشاندہی کرتی ہے۔غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا دورہ کرنیوالے وفد کو غدار قرار دے کر عبرتناک سزا دی جائے، سرزمین مملکت خداداد پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ ہے، آئے روز وفود کی ملاقاتیں اہل فلسطین کے زخمی پر نمک پاشی کرنے کے مترادف ہے۔ زاہد مہدی نے کہا کہ پاکستان آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ پاکستان سے مسلسل اسرائیل کا دورہ کرنے کی خبروں پر سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور ملک میں ایسے اقدامات کی روک تھام کیلئے باقاعدہ قانون سازی کو یقینی بنایا جائے۔


































