
تہران : ایران نے یورپی یونین اور برطانیہ کی کئی شخصیات اور اداروں کے خلاف جوابی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز متنبہ کیا تھا کہ ایرانی افراد اور اداروں کے خلاف پابندیوں کیخلاف جوابی کارروائی کی جائے گی۔ یہ پابندیاں دہشت گردی اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت اور ایرانی عوام کے خلاف تشدد کی کارروائیوں پر اکسانے پر عائد کی گئی ہیں۔ پابندیوں کی فہرست میں 15 موجودہ اور سابق یورپی حکام شامل ہیں۔جن میں فرانس کی صنفی مساوات، تنوع اور مساوی مواقع کی وزیر ازابیل لونوس روم بھی شامل ہیں۔ 13 یورپی اداروں کے نام بھی شامل ہیں جبکہ برطانیہ کے میٹروپولیٹن پولیس سروس کے اسسٹنٹ کمشنر برائے اسپیشلسٹ سمیت 13 افراد شامل ہیں۔


































