
تہران : ایران اپنی فوجی صلاحیتوں کو توقع سے زیادہ تیزی سے دوبارہ بحال کر رہا ہے۔ جن میں ڈرونز کی پیداوار کا دوبارہ آغاز بھی شامل ہے۔ ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے سی این این نے بتایا کہ ایران اپنی جنگ سے قبل کی مکمل صلاحیتیں چھ ماہ کے اندر بحال کر سکتا ہے اور کہا کہ تہران نے ان تمام ٹائم لائنز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جو انٹیلی جنس کمیونٹی نے اس کی بحالی کے لیے مقرر کی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اس تیز رفتار بحالی کی ایک وجہ روس اور چین کی جانب سے مبینہ مدد بھی ہے ذرائع نے الزام عائد کیا کہ بیجنگ جنگ شروع ہونے کے بعد ایران کو میزائل کے پرزہ جات فراہم کر رہا ہے۔ تاہم چین کی وزارت خارجہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی این این کی رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ایران کی تیزی سے بحالی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اب بھی ایک مضبوط حریف ہے جو خطے میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اگر امریکا دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرتا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، جبکہ پینٹاگون کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے پاس وہ سب کچھ موجود ہے جو صدر کے حکم پر کسی بھی وقت اور جگہ کارروائی کے لیے ضروری ہے۔


































