
بغداد : ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خلیجی ممالک کے ساتھ نئے علاقائی سکیورٹی فریم ورک کے قیام پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے کی سلامتی کا نظام بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے بغیر تشکیل دیا جانا چاہیے۔
عراق کے دارالحکومت بغداد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران خلیجی ممالک کے ساتھ ایک نئے علاقائی سکیورٹی فریم ورک کا خواہاں ہے، جس میں خطے کے تمام ممالک شامل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام کسی بھی بیرونی ملک کی موجودگی یا مداخلت کے بغیر قائم کیا جانا چاہیے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی اور استحکام کے لیے باہمی تعاون اور علاقائی مکالمے کو فروغ دینا ہوگا تاکہ بیرونی مداخلت کی ضرورت ختم ہو سکے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک بحال کرنے کی ذمہ داری صرف تہران پر ہے، خلیج میں بحری آمدورفت کی بحالی میں کسی بھی دوسرے فریق کی مداخلت معاملات کو مزید پیچیدہ بنائے گی۔


































