
اسلام آباد: اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے نے محرم اور صفر کے دوران پاکستانی زائرین کے لیے ویزا پالیسی کا اعلان کردیا۔ ایرانی سفارتخانے نے کہاہے کہ یکم محرم سے 15 صفر تک تمام پاکستانی زائرین جن کے پاس عراقی ویزہ ہے، ڈبل انٹری ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ عراقی حکومت کے خصوصی اربعین ویزے پر تمام زائرین کو ڈبل انٹری ویزے مفت جاری کیے جائیں گے، پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا معمول کے طریقہ کار کے مطابق کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی زائرین جو زمینی سفر کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں ایران اور عراق میں داخل ہونے کے لیے اپنی بس ٹرانسپورٹ کا استعمال کرنا چاہیے۔ سفارتخانے کے ترجمان نے بتایا کہ گروپ لیڈروں کو اپنی ٹرانسپورٹ کی تفصیلات، کارنیٹ ڈی پیسیجز، ڈرائیوروں کے بین الاقوامی لائسنس کے ساتھ ساتھ مسافروں کی مکمل فہرست فراہم کرنا ہوگی ، ویزوں پر گاڑی کی پلیٹ نمبر کا ذکر ہوگا۔ پاکستانی زائرین کو 20 صفر تک چذابہ کی سرحد سے عراق میں داخل ہونا ضروری ہے، دوسری سرحدوں سے ان کا سفر ممنوع ہو گا۔


































