
تہران: ایران نے شام میں ہلال احمر کے گودام پر صیہونی حکومت کے حملے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے شام میں ایران کے ہلال احمر کے گودام پر اسرائیل کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت میں سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی طرف سے انسانی اور طبی سہولیات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ناقابل تردید جنگی جرم ہے۔ امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے سربراہ پاسکل کریسٹین اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کی طرف سے انسانی اور طبی سہولیات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ناقابل تردید جنگی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی ہلال احمر نے اس انسانی امدادی مرکز کے قیام کے بارے میں باضابطہ طور پر ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کو آگاہ کردیا تھا اور خالصتاً انسانی مقاصد کے باوجود اس ڈپو پر وحشیانہ اور دہشت گردانہ حملے میں اس کی تنصیبات اور آلات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس گھناؤنے جرم کی شدید ترین مذمت کرے اور صیہونی حکومت کی مزید خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔


































