
تہران: ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس پر جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں دستخط کیے جائیں گے۔ یہ معاہدہ امریکا پر اعتماد نہیں بلکہ فعال عدم اعتماد کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران نے مفاہمتی یادداشت کے مسودے میں اپنے تمام اہم مؤقف شامل کر دیے ہیں اور معاہدے کی ہر شق قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ یادداشت امریکا پر اعتماد کا اظہار نہیں بلکہ اس کے وعدوں کی کڑی نگرانی کے اصول پر مبنی ہے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق پیر کی شب سے ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی ختم کر دی جائے گی جبکہ جنگ اور مختلف محاذوں، بشمول لبنان، میں فوجی کارروائیوں کے مستقل خاتمے کا عمل بھی شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے پورے دورانیے میں ایران نے کبھی امریکا پر اعتماد نہیں کیا اور آئندہ بھی امریکی وعدوں پر عمل درآمد کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ کاظم غریب آبادی نے مزید بتایا کہ معاہدے پر باضابطہ دستخط کے بعد مفاہمتی یادداشت کا مکمل متن عوام کے سامنے جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ایرانی حکام میڈیا کے ذریعے معاہدے کی مختلف شقوں، اہداف اور حاصل ہونے والی کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کریں گے۔


































