
عراقی وزارت انصاف کے وفد کی ایرانی عدلیہ کے نائب سربراہ سے ملاقات، امریکاکے دہشت گردانہ اقدام کے خلاف ممکنہ قانونی اقدامات کا جائزہ
عالمی عدالتوں میں جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے والوں کیخلاف ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، ایران،جنرل سلیمانی کی شہادت ریاستی دہشت گردی ہے،عراق
تہران (نیوز ڈیسک) ایران اور عراق نے سردار اسلام جنرل قاسم سلیمانی اور دیگرکو شہید کرنے پر امریکا کیخلاف عالمی عدالتوں میں مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عراقی وزارت انصاف کے وفد نے تہران میں ایران کی عدلیہ کے نائب سربراہ علی باقری سے ملاقات کی اور امریکاکے دہشت گردانہ اقدام کے خلاف ممکنہ قانونی اقدامات کا جائزہ لیا، علی باقری کنی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عالمی عدالتوں میں جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے والے دہشت گرد وں کے خلاف ہر ممکن قدم اٹھائے گا، امریکا نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کر کے ثابت کر دیا کہ امریکی زوال کی بات محض دعوی نہیں بلکہ یہ ایک ناقابل انکار حقیقت ہے، ایران امریکا کے اس مجرمانہ اقدام کو ہر ممکن پہلو سے عالمی عدالتوں میں اٹھائے گا،عراقی وفد کے سربراہ اور عراقی وزارت انصاف میں ہیومن رائٹس اینڈ انٹرنیشنل کوآپریشن کے ڈائریکٹر جنرل محمد ترکی عباس نے بھی جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اس امریکی جرم کے چھپے ہوئے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے ایران و عراق کی وزارت خارجہ اور عدلیہ کے عہدیداروں کے درمیان تعاون ایک لازمی امر ہے۔


































