
بھارتی فوج نے پلوامہ سرچ آپریشن میں 2 جبکہ راجوڑ ی میں 13نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کردیا، گھر گھر تلاشی میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی
دنیا وبا کیخلاف لڑرہی ہے اور بھارت کشمیریوں پر ظلم و جبر کو تیز کرنے میں مصروف ہے، مظالم کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، پاکستان کا احتجاج
سری نگر/اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارتی فوج نے بدترین درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15کشمیریوں کو شہید کردیا،پاکستان نے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کو بھارتی حکومت کے انسانیت کے خلاف جاری جرائم کی عکاسی قرار دیا ہے، تفصیلات کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقے سائے موہ میں بھارتی فوج نے محاصرے کے دوران سرچ آپریشن کرتے ہوئے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا،بھارتی فوج نے راجوڑی میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران بدترین بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی، قابض فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے 13 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا ،ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر عائشہ فاروقی کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوںمیں نوجوانوں کے بلا روک ٹوک قتل عام اور نام نہاد ‘انسداد دراندازی’ آپریشنز پر سخت تحفظات ہیں جہاں بین الاقوامی برادری عالمی وبا کووڈ 19 سے لڑ رہی ہے ،وہیں بھارت کشمیریوں پر ظلم و جبر کو تیز کرنے میں مصروف ہے ، جرائم کو چھپانے کیلئے بھارتی حکام متعدد بار کشمیری حریت پسندوں کی تربیت اوردراندازی کے غیریقینی الزامات کا سہارا لیتے رہے ہیں، بھارت کو یہ یقین کرلینا چاہیے کہ اس کے اس بے بنیاد پروپیگینڈے کی بین الاقوامی برادری میں کوئی ساکھ نہیں ، آر ایس ایس اور بی جے پی کا انتہا پسند ہندوتوا ایجنڈا اور غیرانسانی اور غیرقانونی کارروائیوں کا مشترکہ نظریہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ، بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اس کے مظالم نہ تو کشمیری عوام کے حوصلے کو پست کرسکتے ہیں اور نہ اس کا پاکستان مخالف ایجنڈا مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹا سکتا ہے۔


































