
نئی دہلی : بھارت کے شہر مراد آباد میں امام مسجد قتل جبکہ ہما چل پردیش میں تاجر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پیش امام کے قتل کا واقعہ اترپردیش کے شہر مراد آباد کے گاؤں بھینیسا میں پیش آیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق نامعلوم کال آنے پر مولانا محمد اکرم فون کرنے والے سے ملنے گھر سے نکلے تھے۔ صبح ان کی لاش کھیتوں سے ملی۔ امام مسجد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ مولانا رام پور کے رہائشی ہیں اور پندرہ سال سے مراد آباد میں مقیم تھے۔ ادھر ہماچل پردیش کے علاقے بنگنگا میں ہندوتوا عناصر نے مسلم تاجر کو تشدد کا نشانہ بنادیا۔ میرٹھ سے تعلق رکھنے والا عمر قریشی ہماچل پردیش کے بنگنگا میں سڑک پر اسٹال لگاتا ہے۔ قریشی کے مطابق بجرنگ دل، شیو سینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے شرپسندوں نے اسے مارا پیٹا۔ پیسے لوٹ لئے اور انہیں جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہوں نے اپنی آزمائش بیان کی ہے۔


































