
نواسہ رسول ص حضرت حسین بن علی علیہ السلام کی شہادت کی یاد دلانے والے روز عاشور کی آمد پر آج صرف مسلمان اور شیعہ حضرات ہی نہیں بلکہ مختلف مذاہب و مسالک سے تعلق رکھنے والے حریت پسند انسانیت کے پیشوا حضرت امام حسین علیہ السلام کا سوگ منا رہے ہیں۔ امام حریت و آزادی کے غم میں ڈوبے آج کروڑوں دل اپنی تمام تر بے قراری کے ساتھ راہ حق و حقیقت میں نواسہ رسول کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ مشہد مقدس اور قم سمیت مختلف شہروں میں جلوس نکالے گئے۔ ایران میں یوم عاشور پر لاکھوں عزادار روضہ امام رضا علیہ السلام اور بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا پر امڈآئے اور شہدائے کربلا کا پرسہ پیش کیا۔
عراق میں یوم تاسوعہ پر سوگواران امام حسین علیہ السلام روضہ سید الشہدا کی عزاداری میں مصروف ہیں۔ نجف میں روضہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام پر بھی سوگواروں نے مجالس برپا کیں۔ شام میں روضہ بی بی زینب سلام اللہ علیہا پر مجالس برپا ہوئیں۔
سعودی عرب کے شہر قطیف میں شب عاشور کو بڑے پیمانے پر عزاداری کا انعقاد کیا گیا۔ ترکیہ کے مختلف شہروں میں عاشقان اہل بیت نے مجالس عزا برپا کیں۔


































