
بیروت: حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنگ چھیڑی تو اسے بہت بڑا سرپرائز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے پاس صیہونی دشمن کے لیے بہت بڑا سرپرائز موجود ہے۔ دشمن وقت پر شرط نہیں لگا سکتا۔ کیونکہ ہمارے پاس جنگ جاری رکھنے کے لیے کافی طاقت ہے۔ یہ وہ جنگ ہے جس میں سے ہم بالاآخر فتح یاب ہوں گے۔ شیخ نعیم قاسم نے کہاکہ مزاحمتی تحریک کسی بھی ممکنہ منظر نامے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ نے غزہ کی حمایت اور لبنان کے دفاع میں جنگ کے دوران جو کچھ ظاہر کیا ہے وہ صرف اس کی فوجی صلاحیتوں کے ایک حصے کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمت کے محور کی شاندار صلاحیتوں نے اسے جدوجہد پر قابو پانے، نئی مساواتیں قائم کرنے اور تل ابیب حکومت کو اپنی مساوات پر متفق ہونے پر مجبور کیا ہے۔ شیخ قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ حزب اللہ بڑے پیمانے پر جنگ کی تلاش میں نہیں ہے۔ اگر دشمن نئی جنگ شروع کرنا چاہتا ہے، تو ہم جواب دینے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ اسرائیلی اس حقیقت کو بخوبی جانتے ہیں۔ شیخ قاسم نے کہا کہ صیہونی جنگ کو طول دینے کی کتنی ہی کوشش کریں اور امریکی انتظامیہ ان کی کتنی ہی حمایت کرے، وہ کبھی کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے۔


































