
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین کی شہادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ان کے لواحقین اور مزاحمتی ساتھیوں کو تعزیت پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں آپ نے کہاکہ حزب الله آج بھی لبنان کی سب سے مضبوط محافظ اور ایک عرصے سے لبنان کی تقسیم کا منصوبہ بنانے والے صیہونی دشمن کے مقابل ایک ڈھال ہے۔ خط کا متن درج ذیل ہے۔
بسم الله الرّحمن الرّحیم
استقامتی محاذ کے جوانو!
عظیم و فداکار مجاہد جناب سید هاشم صفی الدین رضوان الله علیه بھی مقاومتی شہداء کی صف میں شامل ہو گئے۔ قدس شریف کی راہ میں جہاد کے آسمان پر ایک اور ستارہ مزین ہو گیا۔ وہ حزب الله کی عظیم شخصیات اور شہید سید حسن نصر الله کے دیرینہ ساتھیوں میں سے تھے۔ حزب الله نے ان جیسے رہنماؤں کی شجاعت و حکمت کی وجہ سے لبنان کو تقسیم اور دیوالیہ ہونے کے خطرے سے بچایا۔ انہی رہنماؤں کی بدولت حزب الله نے اسرائیل کی ظالم و صیہونی فوج کے بیروت پر قبضے کے منصوبے کو بھی خاک میں ملا دیا۔ اُن کے اور دیگر مجاہدین کے عزم و ارادے کا مرکز سید حسن نصر الله تھے کہ جنہوں نے "جنوبی لیطانیہ”، "صور” اور اِن جیسے دیگر شہروں کو مقبوضہ فلسطین میں شامل کرنے کے صیہونی خطرے کو لبنان کے سر سے ٹال دیا۔ لبنان کی خودمختاری کی سلامتی کے لئے حزب الله اپنی جان، مال و آبرو کے ساتھ میدان میں اُتری اور جارح صیہونی رژیم کو شکست سے دوچار کیا۔
آج سید حسن نصر الله اور سید ہاشم صفی الدین جیسے رہنماء بظاہر ہم میں موجود نہیں لیکن ان کی روح و رہنمائی میدان عمل میں موجود ہے اور لبنان کے نہتے شہریوں کا دفاع کر رہی ہے۔ آج حزب الله، لبنان کی سب سے مضبوط محافظ اور ایک عرصے سے لبنان کی تقسیم کا منصوبہ بنانے والے صیہونی دشمن کے مقابل ایک ڈھال ہے۔ دشمن کی کوشش ہے کہ وہ لبنان کے لئے حزب الله کی بے لوث کوششوں کو جھٹلائے۔ لبنان کے ہمدردوں کو چاہئے کہ وہ دشمن کے اس جھوٹے بیانیے کو مسترد کریں۔ حزب الله زندہ ہے اور تاریخی کردار ادا کر رہی ہے۔ الله کے حکم سے اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح غاصب و جرائم پیشہ گروہ کے مقابلے میں استقامت کاروں کی مدد کرتا رہے گا۔ میں اپنے عزیز شہید سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر ان کے اہل خانہ، دوستوں اور استقامتی محاذ کے مجاہدین کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔
و السلام علی عباد الله الصالحین


































