
تہران : قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ حزب الله نے اپنی تاریخ کی مشکل ترین جنگوں میں سے ایک میں بھرپور مزاحمت کی اور صیہونی حکومت کو بے مثال جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے تہران میں مزاحمتی محاذ کے شہید کمانڈروں کی دوسری برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصر اللہ اور دیگر کمانڈروں کی شہادت کے باوجود حزب الله کی نئی نسل میدان میں اتری اور اس انداز میں جنگ لڑی کہ دوست اور دشمن دونوں حیران رہ گئے۔
جنرل قاآنی نے کہا کہ جنگ شروع ہونے اور سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے دو روز بعد حزب الله کے مجاہدین میدان میں آگئے اور آج تک بہادری کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔ یہ جنگ حزب الله کے قیام کے بعد سے اب تک کی سخت ترین جنگوں میں شامل ہے، تاہم تنظیم نے شجاعت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے اس جنگ میں دوسرے ادوار کے مقابلے میں زیادہ جانی نقصان اٹھایا، لیکن وہ اپنے نقصانات کے اعداد و شمار چھپا رہی ہے۔ ان کے مطابق حزب الله کے نئے مجاہدین نے ایسی جنگ لڑی کہ اس دوران تقریباً 373 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں مزاحمتی جنگجوؤں کے حملوں کا نشانہ بنیں۔
قدس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی جدوجہد اور کردار نے حزب الله کو مزاحمت کے ایک مکتب میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہید رہنماؤں کی زندگی معرفت، کرامت اور بزرگواری سے بھرپور تھی اور ان کے اثرات آج بھی حزباللہ کے کردار میں نمایاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید عباس موسوی کی شہادت کے بعد سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین نے حزب الله کو اس مقام تک پہنچایا کہ آج یہ لبنان اور مزاحمتی محاذ کے لیے باعث فخر ہے۔ حزب الله نہ صرف خود مزاحمت کی علامت بنا بلکہ دیگر اقوام اور گروہوں کے لیے بھی ایک نمونہ بن گیا۔ جنرل قاآنی نے یمن کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام 11 سال سے زائد عرصے کی ناکہ بندی کے باوجود مضبوط عزم کے ساتھ مزاحمت کے راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ یمنی فورسز نے اپنی کارروائیوں کے پہلے مرحلے میں 5400 مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کیا، جو دفاع مقدس کے دوران بیت المقدس آپریشن میں آزاد کرائے گئے علاقے کے برابر ہے، جبکہ مزید ایک ہزار مربع کلومیٹر علاقے پر پیش قدمی جاری ہے۔
جنرل قاآنی نے کہا کہ امریکہ تمام وسائل اور طاقت کے باوجود عراق سے نکلنے پر مجبور ہوا اور عراقی عوام نے مزاحمت کی بدولت اس کامیابی کا جشن منایا۔


































